عمران خان چاہتے ہیں کہ عدالتی کارروائی زمان پارک میں چلے : عطاتارڑ

Published On 16 February,2023 03:22 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں عدالتیں چل کر زمان پارک آئیں اور کلین چٹ ہاتھ میں دیں۔

 مسلم لیگ ن کے رہنما  عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ، ٹریان کیسز میں  گرفتاری سے بچنے کے لیے صحت کا بہانہ کیا جارہا ہے،  2جھنڈے لگا کر شام کو قوم سے خطاب کرتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں میں ابھی بھی وزیراعظم ہوں، جھوٹی میڈیکل رپورٹ بنی گالہ میں بنانے کی کوشش کی گئی، اب زمان پارک میں ڈاکٹرز کی ٹیم کو بلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ہٹے کٹے ،بالکل صحت مند ہیں، عدالتوں کا نام سن کر آپ کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں ، سنا ہے کل جیل کے خوف سے تھوڑے سے آنسو بھی نکلے ہیں،  6بار سماعت ملتوی کی ہے ، میڈیکل بورڈ کیوں نہیں بنایا جاتا ، پاکستان کے بہترین طبی ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنایا جائے اور تحقیقات کی جائیں، اگر میڈیکل بورڈ بن گیا تو سب کھل کر سامنے آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ بنایا جائے، میڈیکل بورڈ بنے گا تب انصاف ہوگا، جب تک میڈیکل بورڈ نہیں بنے گا عمران خان راہ فرار اختیار کریں گے۔

عطاتارڑ نے مزید کہا کہ عمران خان سے بڑا پیسے کا کوئی غلام نہیں، جیل بھرو تحریک بھی ویسی ہی ہے جیسی امریکی سازش ہے، اگر آپ نے جیل بھرو تحریک پر عملدرآمد کرنا ہوتا تو اس طرح ترلا منت نہ کی جاتی، ان کو گھر بیٹھے ریلیف لینے کی عادت پڑگئی ہے ، یہ محسن کش انسان ہے، ان کی فطرت ہے جو ان پر احسان کرے یہ اس کو اپنے شر سے دوچار کرتے ہیں۔
.