اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے پاکستان میں روس کے سفیر ڈینیلا گینچ نے وزارت اقتصادی امور میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے روسی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ، اقتصادی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی احترام، اعتماد اور مفاد پر مبنی شاندار دوطرفہ تعلقات سے فائدہ اٹھایا ہے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے آئی جی سی کے دوران ہونے والی پیشرفت کو سراہا اور بتایا کہ یہ معاہدے دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، اس بات کا بھی اشتراک کیا گیا کہ ان معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور ان پر عملدرآمد کے نتیجہ میں ملک میں تیل اور گیس کی قیمتیں کافی کم ہو جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کی متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے اقتصادیات سے ملاقات، سرمایہ کاری کی دعوت
پاکستان میں روس کے سفیر ڈینیلا گینیچ نے آئی جی سی کے دوران روسی وفد کو سہولت فراہم کرنے پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور اور حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارت کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔
ملاقات میں دونوں اطراف نے ایک دوسرے کے لئے اچھے جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی، ثقافتی تبادلے اور اہم تقابلی فائدہ کے حصول کے لئے باہمی تعاون اور اشتراک کار کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔