واشنگٹن: (ویب ڈیسک)امریکہ نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر روس سے نکل جائیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے روس میں موجود اپنے شہریوں کو روسی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ہراساں اور گرفتار کرنے کے خدشے کے پیش نظر یہ ہدایت کی ہے۔
ماسکو میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ روس میں مقیم یا وہاں کا سفر کرنے والے امریکی فوری طور پر یہاں سے روانہ ہو جائیں ، غلط طور پر حراست میں لیے جانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ روس کا سفر نہ کریں ۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس یوکرین سے روسی فوج کو نکالنا مشکل ہوگا : امریکا
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ روس چھوڑنے کے حوالے سے اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کرتا رہا ہے،گزشتہ برس ستمبر میں امریکہ نے ایسی ایک وارننگ جاری کی تھی۔
روس میں امریکہ کے سفارت خانے نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ’روسی سکیورٹی سروسز نے امریکی شہریوں کو غلط الزامات میں گرفتار کیا ہے، انہوں نے ہراساں کرنے اور حراست میں لینے کے لیے خاص طور پر امریکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
گزشتہ ماہ روس کی وفاقی سکیورٹی سروس نے کہا تھا کہ روس نے امریکی شہری کے خلاف جاسوسی کے شبے میں کریمنل کیس شروع کیا ہے۔