لندن : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے برطانیہ اور دیگر مغربی اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگی طیارے بھیجیں تا کہ روس کے ساتھ جاری جنگ میں یوکرین کی فتح کو یقینی بنایا جا سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی صدر نے برطانیہ کا دورہ کیا جہاں برطانوی وزیر اعظم رشی سنک اور کنگ چارلس سے ملاقات کی ، بعد ازاں زیلنسکی نے پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ ایک عشائیہ میں بھی شرکت کی ۔
یوکرینی صدر نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے روس کے ساتھ جاری جنگ میں برطانیہ کی حمایت کے لیے اس کی تعریف کی اور جنگی طیاروں کے لیے اپنی درخواست کا اعادہ کیا۔
زیلنسکی کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں برطانوی وزیر اعظم سنک نے کہا کہ جدید لڑاکا طیارے فراہم کرنے کے قابل ہونے کا پہلا قدم فوجیوں یا پائلٹس کا ہونا ہے جو انہیں استعمال کرنے کے قابل ہوں، یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں کچھ وقت لگتا ہے، ہم نے آج اس عمل کو شروع کیا ہے۔
برطانیہ نے یوکرین کی فوج کی تربیت کے پروگرام کو بڑھانے کے منصوبے کا اعلان کیا تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس کے پائلٹ نیٹو فوجی اتحاد کے معیار کے جدید ترین جیٹ طیارے اڑا سکیں۔
علاوہ ازیں زیلنسکی نے بکنگھم پیلس میں کنگ چارلس سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر چارلس کا کہنا تھا کہ ہم سب آپ کے بارے میں فکر مند ہیں اور آپ کے ملک کے بارے میں اتنے عرصے سے سوچ رہے ہیں کہ میں آپ کو نہیں بتا سکتا۔
دوسری جانب روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی TASS نے رپورٹ کیا کہ برطانیہ میں روس کے سفارت خانے نے برطانوی حکومت کو یوکرین کو لڑاکا طیارے بھیجنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے پوری دنیا کو نقصان پہنچے گا۔