لندن: (ویب ڈیسک)برطانوی وزیرا عظم رشی سنک نے کہا کہ اس وقت تمام توجہ یوکرین کو فوجی سازوسامان فراہم کرنے پر ہے۔
برطانوی وزیر اعظم رشی سنک کا یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فونک رابطہ، دونوں نے اتفاق کیا کہ بین الاقوامی برادری کے لیے کیف کو فوری مدد فراہم کرنا ضروری ہے۔
برطانوی وزیراعظم آفس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ برطانوی دفاعی فوجی ساز و سامان جلد سے جلد اگلے مورچوں تک پہنچ جائے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کا یوکرین کی 2.2 بلین ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان
بیان میں مزید بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ روسی افواج کو پسپائی پر مجبور کرنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے یوکرین کے لیے اپنی مدد کو تیز کرنا ضروری ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے سونک کے ساتھ فون کال کے دوران یوکرین کی فوج کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے بارے میں بات کی ہے۔
انہوں نے یوکرینی عملے کو چیلنجر 2 ٹینکوں کی تربیت شروع کرانے پر سونک کا شکریہ ادا کیا، برطانیہ نے گزشتہ ماہ جنوری میں یوکرین کے افراد کو تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔