روس 24 فروری کو بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے: یوکرینی وزیر دفاع

Published On 02 February,2023 06:30 am

کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنیکوف نے کہا ہے کہ روس 24 فروری کو ایک بڑے اور نئے حملے کی تیاری کر رہا ہے ، ماسکو نے حملے کے لیے تقریباً 5,00,000 فوجیوں کو متحرک کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی وزیر دفاع نے کہا کہ ماسکو نے ہزاروں فوجیوں کو اکٹھا کیا ہے اور وہ گزشتہ سال ابتدائی حملے کی سالگرہ کے موقع پر کچھ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

ستمبر میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے تقریباً 3,00,000 بھرتی ہونے والے فوجیوں کو عام طور پر متحرک کرنے کا اعلان کیا جو ان کے بقول ملک کی علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری تھا۔

ریزنیکوف نے کہا کہ نئے بھرتی اور تعینات ہونے والے فوجیوں کی حقیقی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ پیوٹن نے سرکاری طور پر 3,00,000 کا اعلان کیا تھا لیکن جب ہم سرحدوں پر فوجیوں کو دیکھتے ہیں تو ہمارے جائزوں کے مطابق یہ بہت زیادہ ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین کے کمانڈر روسی پیش قدمی کی افواہوں سے پہلے فرنٹ کو مستحکم کرنے اور جوابی حملے کی تیاری کرنے کی کوشش کریں گے، مجھے یقین ہے کہ سال 2023 فوجی فتح کا سال ہو سکتا ہے۔

انہوں نے فرانس میں MG-200 ایئر ڈیفنس ریڈارز کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کے بارے بتایا کہ اس سے مسلح افواج کی فضائی اہداف کا پتہ لگانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے خبردار کیا کہ اگلے مورچوں پر صورتحال ان کی افواج کا امتحان لے رہی ہے، انکا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے مشرق میں قبضہ کرنے والوں کی جارحانہ کارروائیوں میں ایک خاص اضافہ ہوا ہے، صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ 

Advertisement