برلن : ( ویب ڈیسک ) جرمنی نے یوکرین کو لیپرڈ 2 جنگی ٹینکوں کی فراہمی کے اعلان کے چند دن بعد ’’ لڑاکا طیاروں ‘‘ کی فراہی سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ہتھیاروں کے لیے جنگ کی حمایت کے خلاف خبردار کیا۔
جرمن چانسلر نے کہا کہ ان کی توجہ جرمن ساختہ لیپرڈ 2 ٹینکوں کی فراہمی پر ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ابھی ٹینک بھیجنے کے بارے میں ایک فیصلہ کیا ہے لیکن لڑاکا طیاروں کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے جو کہ فضول ہے۔
انہوں نے روسی صدر پیوٹن کے ساتھ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے بات کرنے کی ضرورت ہے، لیکن میں ہمیشہ واضح رہا ہوں کہ یوکرین پر روس کا حملہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے اور صرف روس کی فوجوں کے انخلاء سے ہی صورتحال حل ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ جرمنی کی جانب سے گزشتہ ہفتے یوکرین کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے لیپرڈ ٹو ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جسے امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی خوش آئند قرار دیا تھا۔