امریکا اور جرمنی کا یوکرین کو جدید ٹینک فراہم کرنے کا اعلان

Published On 26 January,2023 04:48 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) جرمنی اور امریکا نے یوکرین کو روس کے خلاف لڑنے کیلئے ٹینک فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا، یوکرینی فوج کو نئے ٹینکس کے استعمال کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے یوکرین کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے 400 ملین ڈالر مالیت کے 31 جدید ابراہم ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، صدر جو بائیڈن نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں کیا، انہوں نے جرمنی کی طرف سے یوکرین کو لیپرڈ ٹو ٹینک فراہم کرنے کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

دوسری جانب جرمنی نے بھی 14 لیپرڈ ٹو ٹینک یوکرین کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے پہلے برطانیہ بھی چودہ چیلنجر ٹینک دینے کا اعلان کر چکا ہے۔

علاوہ ازیں جرمن ساختہ لیپرڈ ٹینک استعمال کرنے والے دو یورپی ممالک فن لینڈ اور پولینڈ نے بھی جرمنی کی اجازت کے بعد یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

امریکا، جرمنی، برطانیہ، فن لینڈ اور پولینڈ کی جانب سے یوکرینی فوج کو نئے ٹینکس کے استعمال کی ٹریننگ کا عمل بھی جلد شروع کردیا جائے گا۔