کیف : (ویب ڈیسک)یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ہیلی کاپٹر گرنے سے وزیر داخلہ اور نائب وزیر داخلہ سمیت وزارت داخلہ کی اعلیٰ قیادت سمیت 18 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر گرنے کا واقعہ کیف کے مضافاتی علاقے برووری میں پیش آیا، ہیلی کاپٹر حادثے میں یوکرین کے وزیر داخلہ ڈینس موناسٹر اسکی ، نائب وزیر داخلہ اور سیکرٹری سمیت وزارت داخلہ کی اعلیٰ قیادت ہلاک ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: روس کا یوکرین کی رہائشی عمارت پر میزائل حملہ،35 افراد ہلاک
ریاست کے اعلیٰ پولیس افسر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ گرنے والا ہیلی کاپٹر یوکرین کی ریاستی ایمرجنسی سروس کا تھا، حادثے میں بچوں کے سکول کی عمارت اور دیگر تعمیرات کو بھی نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 3 بچے بھی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یوکرین کے صدارتی دفتر کے نائب سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ جنگ زدہ علاقوں کے فضائی دورے پر تھے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔