انقرہ: (ویب ڈیسک)ترک صدر رجب طیب اردگان نے روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن پرزور دیا ہے کہ وہ یوکرین میں’’یک طرفہ‘‘جنگ بندی کا اعلان کریں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر کے دفتر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر طیب اردگان نے اپنے روسی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن اورمذاکرات کے مطالبات کی حمایت یک طرفہ جنگ بندی اور منصفانہ حل کے ویژن کے ذریعے کی جاناچاہیے۔
طیب اردگان نے ماسکو اور کیف دونوں کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کو جنگ کے خاتمے کے لیے استعمال کیا ہے اورانھوں نے دونوں متحارب ممالک کے درمیان جنگ بندی کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی نے شام میں فوجی کارروائی کے لئے روس سے مدد مانگ لی
ترکیہ نے روس اوریوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے دو ابتدائی ادوارکی میزبانی کی اور بحیرہ اسود کے پار یوکرین کے اناج کی برآمدات کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کےحمایت یافتہ معاہدے پر دست خط میں مدد کی تھی۔
ترک صدر نے روس پرمغربی پابندیوں میں شامل ہونے سے انکارکیا ہے اوروہ جنگ کے دوران میں دوطرفہ تجارت کو بڑھا کر صدرپیوٹن کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔