یوکرین نئے سال کے موقع پر روسی حملوں کو معاف نہیں کرے گا : زیلنسکی

Published On 01 January,2023 09:47 am

کیف : (دنیا نیوز ) یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک نئے سال کے موقع پر روسی حملوں کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نئے سال کی آمد کے موقع پر روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں پر بمباری کی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق روس نے حملے کے بعد یوکرین پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے ، میزائل اور ڈرون حملوں سے یوکرین میں متعدد رہائشی اور دیگر شہری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ، جس میں ایک شخص ہلاک اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ویڈیو بیان میں یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے ایسٹر اور کرسمس کے بعد نئے سال کی آمد پر بھی شہریوں پر بمباری کی، روس شیطان کے ساتھ ہے۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ پیوٹن روس کا مستقبل تباہ کررہا ہے، ان کو دہشت گردی کے لیے کوئی بھی معاف نہیں کرے گا۔

دوسری جانب روس نے یوکرین کے 140 جنگی قیدیوں کو رہا کیا ہے ، جس کے بدلے میں یوکرین نے روس کے 82 گرفتار فوجیوں کو روسی حکام کے حوالے کیا ہے۔

ماسکو اور کیف کے درمیان سفارتی تعلقات خراب ہونے کے باوجود دونوں فریقوں نے حالیہ مہینوں میں قیدیوں کے تبادلے کے کئی دوروں میں سینکڑوں گرفتار فوجیوں کا تبادلہ کیا ہے۔

 خیال رہے کہ کچھ روز قبل روس نے کرسمس کے موقع پر یوکرین میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی مسترد کر دیا تھا ۔

یاد رہے کہ  24 فروری 2022 کو روسی صدر پیوٹن  نے یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔