گولی ہیلمٹ کے آر پار ہونے کے باوجود سپاہی معجزاتی طور پر بچ گیا

Published On 04 January,2023 09:15 am

کیف: (ویب ڈیسک) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس میں سپاہی کی پیشانی کے اوپر لگنے والی گولی ہیلمٹ کے آر پار ہو گئی، واقعہ میں سپاہی معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ زدہ یوکرین کا ایک سپاہی معجزانہ طور پر ایسی گولی سے بچ گیا جس سے موت یقینی تھی، منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولی سپاہی کے ہیلمٹ میں داخل ہوتے ہوئے پیچھے سے نکل گئی، گولی پیچھے کی جانب نکلتے ہی ہیلمٹ کے بلٹ پروف مٹیریئل کے ریشے بھی باہر آگئے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلمٹ کے اندر موجود بلٹ پروف مٹیریئل کی موٹی پرتی کی وجہ سے سپاہی کا سر محفوظ رہا جبکہ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گولی نے ہیلمٹ میں گھسنے کے بعد اپنا راستہ بدل لیا ہوگا۔

واقعہ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس پر صارفین کی جانب سے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔