نیویارک: (ویب ڈیسک)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے انتباہ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کا تنازع دنیا کو ایک بڑی جنگ کی جانب لے جاسکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہم نے 2023 کا آغاز ایسے چیلنجز کے ساتھ کیا ہے جو ہماری زندگی میں پہلے کبھی سامنے نہیں آئے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ سائنسدانوں اور سکیورٹی ماہرین نے ڈومز ڈے کلاک (قیامت کی گھڑی) کو مزید آگے بڑھایا ہے اور اب یہ گھڑی آدھی رات سے محض 90 سیکنڈ دور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوکرین کی فوجی امداد پر خصوصی توجہ مرکوز ہے: برطانیہ
خیال رہے کہ سائنسدانوں کے گروپ کی جانب سے اس ڈومز ڈے کلاک کے وقت کا تعین گزشتہ سال کے واقعات کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہوسکے کہ انسانیت تباہی کے کتنے نزدیک یا دور ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم امن کے لیے اپنی حکمت عملی کو تبدیل کریں،انہوں نے مستقبل کی نسلوں کو ذہن میں رکھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی معیشت میں بنیادی تبدیلیوں کا مطالبہ کیا۔