امریکہ روس پر حملے کے لیے شام میں داعش کو تربیت دے رہا ہے: ماسکو

Published On 13 February,2023 05:25 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) ماسکو کی جانب سے اعلان گیا کہ امریکہ روس پر حملے کے لیے شام میں داعش کو تربیت دے رہاہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کی فارن انٹیلی جنس سروس نے اعلان کیا کہ اسے اطلاع ملی ہے کہ امریکی فوج شدت پسندوں کو روس اور سابق سوویت یونین میں اہداف پر حملہ کرنے کی تربیت دے رہی ہے۔

روسی فارن انٹیلی جنس سروس کے سربراہ سرگئی ناریشکن نے کہا کہ اس کے پاس معلومات تھیں کہ داعش اور القاعدہ سے وابستہ گروپوں کے 60 عسکریت پسندوں کو بھرتی کیا گیا تھا اور وہ شام میں امریکی اڈے پر تربیت حاصل کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: روس، یوکرین تنازع دنیا کو بڑی جنگ کی جانب لے جاسکتا ہے: اقوام متحدہ

ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ تربیت پانے والے ان عسکریت پسندوں کو سفارت کاروں، سرکاری ملازمین، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور مسلح افواج کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کی تیاری اور انہیں انجام دینے کا کام سونپا جائے گا۔

ایجنسی نے اپنے دعویٰ کے ثبوت میں انٹیلی جنس معلومات کو شائع نہیں کیا ہے، تاہم خبر ایجنسی روئٹرز آزادانہ طور پر ان معلومات کی تصدیق نہیں کرسکی۔

روسی فارن انٹیلی جنس ایجنسی سوویت دور میں کے جی بی کا حصہ تھی، اس ایجنسی کے سربراہ سرگئی ناریشکن ہیں، سرگئی ناریشکن نے گزشتہ سال انقرہ میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز سے ملاقات کی تھی۔

 

Advertisement