کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یورپ ہماری فتح تک ہمارے ساتھ رہے گا، چند یورپی رہنماؤں نے کیف کو جدید لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ہم لڑاکا طیاروں اور دیگر طیاروں کا مسئلہ حل کرنے کے قریب ہیں، یورپی رہنماؤں نے یوکرین کو لڑاکا طیاروں سمیت دیگر جنگی سامان دینے کا وعدہ کیا ہے، تاہم زیلنسکی نے یورپی رہنماؤں کی جانب سے کئے گئے وعدے کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
مبینہ وعدوں کی کسی بھی یورپی ملک کی طرف سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
زیلنسکی کے چیف آف سٹاف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ یوکرین کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور لڑاکا طیاروں کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور جلد اس کی تفصیلات سامنے آئیں گی تاہم کچھ لمحات کے بعد انہوں نے اپنے بیان میں ترمیم کی اور لکھا کہ مسئلہ ’’ حل ہو سکتا ہے ‘‘ ۔
علاوہ ازیں یورپی یونین کے 27 ممالک کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوکرینی صدر نے روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے اور یوکرین پر حملے کے ذمہ دار روسی رہنماؤں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ آزاد یوکرین کے بغیر آزاد یورپ کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے والے مغربی ممالک نے اب تک جنگی طیارے یا طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار بھیجنے سے انکار کیا ہے لیکن زیلنسکی کے دورہ یورپ کے دوران ایسے اشارے ملے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔