اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے اقتصادیات عبداللہ بن توق المری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اہم شعبوں میں اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے عبداللہ بن طوق المری سے عالمی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، ان کے ساتھ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک بھی تھے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہا اور قدرتی آفات سے لے کر معاشی بحرانوں تک ضرورت کی ہر گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Met with Minister for Economy UAE Mr. Abdulla bin Touq Al Marri on side lines of World Government Summit, Dubai, accompanied by Minister of State for Petroleum, Mr. Musadik Málik. We discussed opportunities for exports from Pakistan & investment opportunities for UAE in Pakistan pic.twitter.com/e46DSpjl4Q
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) February 15, 2023
احسن اقبال نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور ٹیک سیکٹر، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے اہم شعبوں کی نشاندہی کی جہاں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کو پاک چین سرمایہ کاری فنڈ کے ذریعے صنعتی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور نئی ریفائنریز کے قیام، معدنیات کے شعبے اور تاپی پائپ لائن میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے اقتصادیات عبداللہ بن توق المری نے تجاویز کا خیرمقدم کیا اور نشاندہی کئے گئے شعبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
انہوں نے پاکستان کو دعوت دی کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ جامع اقتصادی پارٹنرشپ ایگریمنٹ پر دستخط کرے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر احسن اقبال کی کویت کے وزیر خزانہ سے ملاقات
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اس پیشکش پر متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے اقتصادیات المری کا شکریہ ادا کیا اور عالمی کانفرنس کے انعقاد پر بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مختلف ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے شعبوں کی نشاندہی کرنے اور معاشی اور گورننس کے چیلنجوں پر قابو پانے کے طریقے تلاش کرنے میں مدد کی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں توسیع دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں اور عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گی۔