الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ: پاکستانی ٹیم دبئی پہنچ گئی

Published On 03 February,2023 07:23 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) دسویں الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو (جی-2)چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان تائیکوانڈو ٹیم دبئی پہنچ گئی۔

ایونٹ متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ میں 5سے 8فروری تک کھیلا جائے گا، قبل ازیں قائداعظم انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے عہدیداران نے کھلاڑیوں کورخصت کیا۔

شیخ زیدسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کیلئے قومی سکواڈ میں ساؤتھ ایشین گیمزکے گولڈمیڈلسٹ ہارون خان،شاہ زیب،حمزہ سعید، مظہرعباس، سنان اشفاق، ارباز خان شامل ہیں۔

خواتین کھلاڑیوں میں چوتھی کومبیکس ایشین تایکوانڈو چیمپیئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ نقش ہمدانی اور فاطمہ الزہرہ کے نام شامل ہیں جبکہ اشفاق احمد مینیجر، ماسٹر یوسف کرامی ہیڈ کوچ، شہزادہ محمد آصف کوچ اور فیصل بٹ بحیثیت ٹرینر ٹیم کاحصہ ہیں۔

قومی دستے میں شامل ہارون خان کاکہنا ہے کہ الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کیلئے بھرپورتیاری کی ہے، انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے ہمارے کھیل میں نکھار اور تجربے میں اضافہ ہوگا۔

چیمپیئن شپ کے دوران دیگر ممالک کے اپنے ہم عصر کھلاڑیوں اور پروفیشنل کوچز سے تبادلہ خیال کرنے کا بھی موقع ملے گا جو مستقبل میں ہمارے لئے سودمندثابت ہوگا۔

حمزہ سعید نے کہا کہ کسی بھی فائٹ کو آسان نہیں لیں گے، صرف ملک کیلئے جیت کا جذبہ ساتھ لے کرجارہے ہیں اور قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے۔