وفاقی وزیر احسن اقبال کی کویت کے وزیر خزانہ سے ملاقات

Published On 14 February,2023 10:42 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور کویت کے وزیر خزانہ عبدالوہاب الرشید کے درمیان ایک ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور کویت نے اہم شعبوں بالخصوص توانائی اور تجارت کے شعبے میں اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے پاکستانی مصنوعات کے ساتھ ساتھ لیبر فورس کے لئے کویتی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک بھی موجود تھے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال متحدہ عرب امارات کے دورے پر ایک عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور انہوں نے مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جس میں تجارت اور سرمایہ کاری بالخصوص توانائی کے شعبے میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا کر گیا: احسن اقبال

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں کویت کے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا جبکہ گزشتہ دہائی کے دوران توانائی کے شعبے میں پاکستان کی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس کو وزیر خزانہ نے سراہا۔

ملاقات میں کویت کے وزیر خزانہ عبدالوہاب الرشید نے کویت کی ترقی میں پاکستانی لیبر فورس کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات کو بھی سراہا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی بہت گنجائش ہے اور ان خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے فالو اپ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا، فریقین نے اتفاق کیا کہ پاک کویت تعلقات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے دونوں ممالک مزید تعاون جاری رکھیں گے۔