اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر توانائی خرم دستگیر نے ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن کی رپورٹ پیش کر دی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران پاور ڈویژن کے حکام نے رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی، رپورٹ کے مطابق این پی سی سی کو این ٹی ڈی سی نے پیشگی اطلاع نہ دی، لوڈ غیر متوازن ہونے کا این ٹی ڈی سی حکام کو علم تھا، اس حوالے سے سسٹم کے بار بار اشارے آرہے تھے، تحقیقاتی کمیٹی نے این ٹی ڈی سی کی تکنیکی صلاحیت پر بھی سوالات اٹھائے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیپرا نے بھی معاملے کی تحقیقات کیلئے ماہرین پر مبنی کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کرے گی اور مستقبل میں بچاؤ کی حکمت عملی مرتب کرے گی، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کے آئندہ کسی بڑے بریک ڈاؤن سے بچاؤ کیلئے بہتر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔