بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجوہات کیا تھیں؟ وزیر توانائی نے رپورٹ کابینہ کو پیش کر دی

Published On 24 January,2023 06:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر وزیر توانائی خرم دستگیر کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔

وزیر توانائی نے بجلی بریک ڈاؤن پر ابتدائی رپورٹ کابینہ میں پیش کر دی جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا، کمیٹی تمام حقائق کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرے گی، واقعہ صبح 7 بجکر 34 منٹ پر نارتھ ساؤتھ ٹرانسمیشن لائن میں پیش آیا۔

خرم دستگیر نے بتایا کہ فنی خرابی، اتار چڑھاؤ اور فریکوئنسی میں تعطل بریک داؤن کی وجہ بنی، بجلی کا ترسیلی نظام خود کار حفاظتی نظام کے تحت بند ہو گیا، وزیر اعظم کے فوری نوٹس پر تمام وسائل کو بروئے کار لایا گیا، رات 10 بجے تک تمام بڑے شہروں میں بجلی بحال کر دی گئی۔

وزیر توانائی نے مزید بتایا کہ ملک میں تمام 1112 گرڈ سٹیشنز کو آج صبح 5 بجے تک بحال کر دیا گیا ہے، بجلی کی فراہمی صارفین تک یقینی بنائی جا رہی ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس سے بجلی بنانے والے پاور پلانٹس کو فوری طور پر چلایا گیا، ان سے بجلی کی پیداوار بھی شروع کردی گئی ہے۔

خرم دستگیر نے بریفنگ میں کہا نیوکلیئر اور کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مروجہ طریقہ کار کے مطابق دوبارہ چلانے میں مزید ایک سے دو دن درکار ہیں، ان کارخانوں کے سوا دیگر تمام پاور پلانٹس سے معمول کے مطابق بجلی کی بلا تعطل پیداوار جاری ہے۔
 

Advertisement