کیپ ٹاؤن : (دنیانیوز) جنوبی افریقہ میں توانائی کا بحران شدت اختیار کرگیا ، حکومت نے بجلی بنانے والے پلانٹس کی حفاظت کیلئے فوج تعینات کر دی ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایوان صدر اور بجلی بنانے والے سرکاری محکمے ایسکوم کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کے اہلکار پاور پلانٹس کی حفاظت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے ترجمان ونسنٹ میگونیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ہر سٹیشن پر کم از کم 10 فوجی تعینات کیے جائیں گے، جبکہ مزید تعیناتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کوئلے اور ڈیزل سے چلنے والے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس میں تخریب کاری، چوری، توڑ پھوڑ اور بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے ۔
جنوبی افریقہ گزشتہ 15 برس سے بجلی کی کمی کا شکار ہے لیکن رواں سال لوڈشیڈنگ کا بحران سنگین ہوچکا ہے ، بجلی بحران کے باعث ملک کو جہاں کروڑوں ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے وہیں تجارت اور صنعتوں کو بھی خسارے کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں میں غم و غصہ انتہا کو پہنچ چکا ہے ۔