اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے جنوبی علاقوں میں بجلی بریک ڈاؤن پر سخت تشویش کا اظہار کیا، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں سی ای او کے الیکٹرک کو طلب کر لیا، غیر حاضری کی صورت میں سمن جاری کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا، قائمہ کمیٹی اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو اور سیکرٹری پاور کے درمیان تلخی بھی ہوئی، سیکرٹری توانائی نے چیئرمین کمیٹی سے شکوہ کیا کہ اپ ہماری بات نہیں سن رہے ہمیں بھی تھوڑا وقت دیں، سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ آپ چھ مہینے میں پہلی بار کمیٹی میں آئے ہیں، آپکی کونسی بات ہم نے نہیں مانی، آپ ایسی باتوں سے پرہیز کریں۔
قائمہ کمیٹی نے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کیا، پاور ڈیویژن حکام نے بتایا کہ کراچی کی طرف سے بجلی ترسیل کا نظام خراب ہوا، آج صبح نو بجکر پنتیس منٹ پر مسئلہ رپورٹ ہوا، جسکے سدباب کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کے الیکٹرک کے اعلیـ سطح کے ذمہ دار کمیٹی میں کیوں نہیں آئے، کیا کے الیکٹرک حکومتی کنٹرول میں نہیں ہے؟ پاور ڈویژن بھی کے الیکٹرک کی کرپشن میں شامل ہے، وزیر صاحب کمیٹی میں آ کر کے الیکٹرک کی کارکردگی پر بریفنگ دیں، چیئرمین کمیٹی نے سی ای او کے الیکٹرک کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے پاس کافی اختیارات ہیں، اگر کوئی ہمیں اہمیت نہیں دے گا تو گرفتاری کے بھی احکامات دے سکتے ہیں۔