مکی آرتھر کیساتھ معاملات طے پاچکے، جلد اعلان کردیا جائے گا: نجم سیٹھی

Published On 14 February,2023 09:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کے ساتھ معاملات 80 فیصد طے پاچکے ہیں ۔

کراچی میں پی سی بی پارٹنرشپ معاہدے کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے مکی آرتھر کے ساتھ معاملات تقریباً طے پاچکے ہیں، ان کی ٹیم میں کون کون شامل ہوگا اس پر بھی اتفاق ہوچکا ہے بس اگلے چند دنوں میں تمام چیزوں کو حتمی شکل دے کر اعلان کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال پاکستان سپر لیگ کیلئے کوئٹہ اور پشاور کو بطور وینیو شامل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، اگر سکیورٹی کے معاملات ٹھیک رہے اور اسٹیڈیم تیار ہوئے تو وہاں بھی میچز ہوں گے۔

کوئٹہ میں نمائشی میچ کا تجربہ اچھا رہا تھا، بگٹی سٹیڈیم پر مزید پیسہ خرچ کرکے اس کا معیار مزید بہتر کریں گے ،چار وینیوز پر میچز کا انعقاد ایک چیلنج تھا لیکن ان کی ٹیم نے دن رات محنت کرکے ہر چیز کو ممکن بنایا، ملتان میں افتتاحی تقریب بہت شاندار رہی۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا برانڈ مزید بڑا بنانا ہے جس کیلئے مزید پیسہ بھی لگایا جائے گا، اس لیگ کو ہر سال ترقی مل رہی ہے جس کے سبب اس سے وابستہ افراد کو بھی ترقی حاصل ہورہی ہے، بہت جلد پاکستان سپر لیگ میں مزید ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔