نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے روس سے تیل کی خریداری کے لیے ادائیگی ڈالر کے بجائے اماراتی درہم میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار نے ایک بار پھر روس سے پیٹرول خریدنے کے لیے ادائیگی ڈالر کے بجائے متحدہ عرب امارات کی کرنسی درہم میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں سٹیٹ بینک آف انڈیا نے امارات میں ایک برانچ بھی کھولی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت نے درہم میں ادائیگی کی تھی لیکن یہ سلسلہ زیادہ دیر جاری نہیں رہ سکا تھا اور ڈالرز میں پیٹرول خریدا جا رہا تھا تاہم اب دوبارہ درہم کے استعمال کا آغاز کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا جنگی جنون، 5 برس میں 24 ارب ڈالر کے جنگی ہتھیار خریدے
اس سے قبل بھارتی تاجروں نے مشورہ دیا تھا کہ جی سیون کی جانب سے روسی خام تیل پر عائد کردہ حد کے باعث مقررہ حد کے اندر ادائیگی ڈالر میں کی جائے البتہ اس سے زائد خریداری پر ادائیگی درہم میں کی جائیں۔
بھارتی تاجروں نے یہ بھی کہا تھا کہ درہم میں ادائیگی کی سابقہ کوششیں متحدہ عرب امارات کے بینکوں کی جانب سے عدم تعاون پر ناکامی کا شکار ہوئی تھیں لیکن اب بھارتی اسٹیٹ بینک نے مدد شروع کردی ہے۔