بھارت کا جنگی جنون، 5 برس میں 24 ارب ڈالر کے جنگی ہتھیار خریدے

Published On 03 February,2023 11:09 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مودی سرکار نے جنگی جنون کی انتہا کرتے ہوئے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 24 ارب ڈالرز کے فوجی ہتھیار اور جنگی ساز و سامان درآمد کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ڈپٹی وزیر دفاع اجے بھٹ نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امریکا، روس، فرانس، اسرائیل اور اسپین سمیت دیگر ممالک سے تقریباً 24 ارب روپے کی مالیت کے ہیلی کاپٹرز، ایئرکرافٹ ریڈارز، راکٹس، بندوقیں، میزائل اور رائفلز خریدی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے دفاعی بجٹ میں 13 فیصد اضافہ کر دیا

وزیر برائے دفاع نے مزید بتایا کہ لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹرز اور جنگی ساز و سامان کی خریداری کے لیے گزشتہ پانچ برسوں سے مختلف ممالک کی مختلف کمپنیوں سے 264 معاہدے کیے تھے۔

اجے بھٹ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فوج نے اب زیادہ تر اسلحے کی تیاری کا کام مقامی سطح پر شروع کردیا ہے جس کے تحت 50 سے زائد پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔