ریاست مخالف خبریں : بنگلہ دیشی حکومت کا 191 نیوز ویب سائٹس بلاک کرنے کا حکم

Published On 03 February,2023 11:20 am

ڈھاکہ : ( ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کی حکومت نے ریاست مخالف خبریں شائع کرنے کے الزام میں 191 نیوز ویب سائٹس بلاک کرنے کا حکم دے دیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  بنگلہ دیش کی حکومت نے ریاست مخالف خبریں شائع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے191  ویب سائٹس بند کرنے کا حکم دے دیا ہے جس سے بنگلہ دیش میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے بنگلہ دیشی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام ریگولیٹر کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق مذکورہ ویب سائٹس کے ڈومینز بند کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویب سائٹس ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو عوام کے ذہنوں میں انتشار اور الجھن پھیلانے کا سبب بن رہی ہیں۔

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی جانب سے خود پر تنقید کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرانے کی کوششوں پر سماجی حقوق کی تنظیموں اور امریکا سمیت غیر ملکی حکومتیں طویل عرصے سے تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کے ’ڈیجیٹل سکیورٹی ایکٹ‘ کے تحت 2018 کے بعد سے اب تک سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن دوجارک نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے حق کا تحفظ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز 2022 ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس نے بنگلہ دیش کو 162 ویں نمبر پر رکھا جو روس (155) اور افغانستان (156) کی درجہ بندی سے بھی بدتر ہے۔