پیرس اولمپکس: 40 ممالک گیمز کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں : پولش وزیر کھیل

Published On 03 February,2023 07:43 am

وارسا : ( ویب ڈیسک ) پولینڈ کے وزیر کھیل اور سیاحت کامل بورٹنیکزک نے کہا ہے کہ روس اور بیلا روس کے کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت دینے سے 40 ممالک اگلی اولمپک گیمز کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں جس سے پورا ایونٹ بے معنی ہو جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولش وزیر کھیل نے کہا کہ میرے خیال میں 10 فروری کو ہونے والی میٹنگ سے قبل انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) کے منصوبے پر بلاک کی حمایت کرنے کے لیے برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت 40 ممالک کا اتحاد بنانا ممکن ہو گا۔

بورٹنیکزک نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اولمپکس سے پہلے ہمیں سخت فیصلوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر ہم گیمز کا بائیکاٹ کرتے ہیں تو ہم جس اتحاد کا حصہ ہوں گے وہ گیمز کے انعقاد کو بے معنی بنانے کے لیے کافی مضبوط ہو جائے گا۔

قبل ازیں لتھوانیا، ایسٹونیا اور لٹویا کی جانب سے بھی آئی او سی کے منصوبے کو مشترکہ طور پر مسترد کر دیا گیا ہے جس کے تحت روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کو اولمپکس 2024 میں شرکت کی اجازت دینے کا کہا گیا۔

دوسری جانب آئی او سی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کی جانب سے اولمپکس کا بائیکاٹ صرف کھلاڑیوں کو ’’ سزا ‘‘ دے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یوکرین نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر اولمپکس 2024 میں روسی یا بیلا روسی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت دی گئی تو ایونٹ کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔