لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں رمضان پیکیج کے حوالے سے نگران حکومت کو مختلف تجاویز ارسال کر دی گئیں، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان پیکیج میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔
رمضان پیکیج کے حوالے سے خصوصی بازار، بجلی فری اور ہاؤس ہولڈ کو کیش دینے کی مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں، 550 روپے آٹے کے تھیلے پر 6 ارب روپے کے اخراجات جبکہ فیئر پرائس اور دیگر اخراجات سمیت 313 رمضان بازاروں پر مجموعی طور پر 12 سے 13 ارب کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
رمضان پیکیج میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہاؤس ہولڈ کو ایک ماہ کیلئے 5000 روپے بطور کیش دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، فی خاندان 5000 روپے کیش دینے سے 40 ارب روپے خرچ ہوں گے، اس کے علاوہ پنجاب میں ایک ماہ کیلئے 100 یونٹس تک بجلی مفت دینے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، 100 یونٹس تک بجلی فری دینے سے 25 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان پیکیج پر وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو عوام کو رمضان میں ریلیف دینے کے حوالے سے جلد سفارشات پیش کرے گی، محسن رضا نقوی نے مقدس ماہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیکیج کی پائی پائی عوام تک پہنچنی چاہئے، روایتی طریقہ کار کی بجائے منفرد انداز میں رمضان پیکیج کو حتمی شکل دی جائے۔