عمران فارن فنڈنگ، توشہ خانہ کیسز سے بچنے کیلئے گھر میں چھپے بیٹھے ہیں، عطا تارڑ

Published On 18 February,2023 10:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ اورتوشہ خانہ کیسز سے بچنے کیلئے گھر میں چھپے بیٹھے ہیں، حالیہ آڈیو لیکس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی فیصلوں کے سامنے سر جھکا لیتے ہیں جبکہ عمران خان گھر میں بیٹھ کر ضمانتیں لینے کی کوشش کر رہے ہیں، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیسز سے بچنے کیلئے گھر میں چھپے بیٹھے ہیں، عمران خان کی سوچ یہ ہے کہ عدالتی فیصلوں کو تاخیر کا شکار کیاجائے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ غلام محمد ڈوگر پر بطور ڈی آ ئی جی آ پریشنز لاہور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے، پرویز الٰہی کی حالیہ پنجاب حکومت میں مونس الٰہی نے متعدد زمینوں پر قبضے کئے۔

انہوں نے کہا کہ وائرل ہونے والی آڈیوز کی تحقیقات کیوں نہیں ہو رہیں، عدالت عالیہ کو ملک کا آئینی ادارہ ہونے کے ناطے ان آڈیوز کی شفاف تحقیقات کرنی چاہئیں، انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکرٹری خان محمد بھٹی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہو ئے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے غبن کئے،عدالت عالیہ کو اس معاملے کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آ ئی والے ملکی معیشت کی بربادی کے ذمہ دار ہیں۔