کراچی : (دنیا نیوز ) کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور پولیس اہلکار آج دم توڑ گیا جس کے بعد حملے میں شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی ۔
پولیس کے مطابق جمعےکی شام کراچی پولیس آفس میں ہونے والے حملے میں زخمی ہونیوالا اہلکار عبدالطیف ہسپتال میں زیر علاج تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار عبدالطیف سکیورٹی ڈویژن میں تعینات تھا۔
یہ بھی پڑھیں :کراچی پولیس آفس حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ، 10 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار
دوسری جانب کراچی پولیس آفس پر حملےکا مقدمہ کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :کراچی پولیس آفس پر حملہ، ایس ایچ او صدر کی مدعیت میں مقدمہ درج
درج مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمہ تینوں حملہ آوروں، فرار ملزمان اور سہولت کاروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ17 فروری کی رات کراچی پولیس ہیڈ آفس پر ہونے والے حملے میں تمام دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید اور 18افراد زخمی ہوئےتھے۔