کراچی : ( دنیا نیوز ) کراچی پولیس ہیڈ آفس ( کے پی او ) کو کلیئر کرنے کی کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں مارے جانے والے تین میں سے دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں دہشت گردوں کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا سے تھا، ایک دہشت گرد کی شناخت کفایت اللہ ولد میرز علی خان کے نام سے ہوئی ہے جو لکی مروت کا رہائشی تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دوسرے دہشت گرد کی شناخت ذالا نور علی ولد وزیر رحمان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گردوں کا مزید ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے ان کے فنگر پرنٹس بھی نادرا کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔