شکار پور : پولیس کی بڑی کارروائی، انعام یافتہ دو بدنام زمانہ ڈاکو گرفتار

Published On 18 February,2023 04:49 am

شکار پور : ( دنیا نیوز ) شکارپور پولیس نے ٹاؤن رستم کے قریب چمن پل لنک روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 30 ، 30 لاکھ انعام یافتہ دو بدنام زمانہ ڈاکو سکندر معرفانی اور اصغر مارفانی کو گرفتارکرلیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آفیسر ( ایس ایس پی ) شکار پور فیضان علی کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ڈاکو ڈکیتی، قتل ، اغوا برائے تاوان، لوٹ مار، رہزنی اور قبائلی تصادم سمیت سنگین 28 مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ حکومت سندھ کے جانب سے ملزمان کے سر کی قیمت 30 ، 30 لاکھ مقرر کی گئی تھی۔

فیضان علی نے بتایا کہ بدنام زمانہ ڈاکو سکندر معرفانی اور اصغر معرفانی پر 14 ، 14 مقدمات درج ہیں جبکہ دونوں ڈاکو ضلع میں دہشت کی علامت تھے ، ملزمان کا مزید کریمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔