دہشت گردی سے پی ایس ایل کو کوئی فرق نہیں پڑے گا: وزیر اعلیٰ سندھ

Published On 18 February,2023 03:41 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پولیس آفس پر حملے سے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، پی ایس ایل کے لئے بہترین سکیورٹی پلان ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آپریشن مکمل ہونے کے بعد کراچی پولیس آفس کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے پی ایس ایل کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ، پی ایس ایل کو روکا گیا تو یہ بزدل لوگ سمجھیں گے کہ وہ کامیاب ہوگئے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے گا کہ ہم سے کس مقام پر غلطی ہوئی، ہمارے جوانوں نے جواں مردی سے مقابلہ کیا، شہدا کو شہید کوٹے کے تحت معاوضہ دیا جائے گا ، پشاور دھماکے کے بعد ہم متحرک تھے مگر کوئی مخصوص تھریڈ نہیں تھا، حملے میں تین دہشت گرد تھے جنہیں ہلاک کردیا گیا ہے، حملے اور کلیئرنس آپریشن کے دوران چار جوان شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب  پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) ذرائع کا کہنا ہے  کہ پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں جاری رہیں گے، تمام ٹیموں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، آج کراچی کنگز اور کو ئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بھی اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوگا، پلان کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ میچ کھیلنے کے لئے ملتان روانہ ہوگئی ہے جبکہ زلمی بھی اگلے میچ کے لئے کراچی پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔

Advertisement