کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، پیپلز پارٹی نے سیلاب زدگان کا مال بھی نہیں چھوڑا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے کہا کہ کہ پیپلز پارٹی نے 147 ارب 56 کروڑ کا حساب کتاب ہی نہیں دیا ہے، پروکیورمنٹ میں 21 ارب 86 کروڑ کی بے ضابطگیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کی چیخیں نکلی ہوئی ہیں، عوام کے پاس پانی اور دیگر سہولیات نہیں، کن وجوہات کی بنیاد پر سندھ میں قیامت مچی ہوئی ہے، لاڑکانہ میں ایڈز کے مریض بڑھ رہے ہیں، ہر پریشانی سندھ میں کیوں آتی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کو پیپلزپارٹی برباد کر رہی ہے، زرداری ٹولہ سندھ کا خون چوس رہا ہے، سندھ کرپشن کا گھر بن چکا ہے، زرداری ٹولے سے چھٹکارا ضروری ہے۔