شیخ رشید احمد نے ظلم کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا

Published On 17 February,2023 11:57 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج سے ظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی کامیابی کو چھین کر رہیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے ہمت دی اور 16 روز موت کی چکی کو بھی سسرال کا گھر سمجھ کر گلے لگایا، ملک زندگی اور موت کی کشمکش سے گزر رہا ہے جس طرح قائد اعظم نے پاکستان بنایا تھا اس طرح عدلیہ پاکستان کو بچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر میں پولیس نے ڈکیتی کی ہے، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے، اب یا کبھی نہیں کا وقت آ گیا ہے، ہارتا وہ ہےجو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی کامیابی کو چھین کر رہیں گے۔

سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج سے ظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے، آج 3 بجے لال حویلی میں ظالمانہ نظام کے خلاف عمران خان کے ساتھ مل کر تاریخی بیان دوں گا، وہ غریب جو ایڑیاں رگڑ کر مر رہا ہے اسکی آواز بنوں گا، ساری قوم ٹوئٹر پر میرا ساتھ دے۔

 

Advertisement