اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بطور وکیل کہہ رہا ہوں کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہو گئی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، ٹی وی کے ذریعے مجھ تک پہنچا ہے، تحریری فیصلہ پڑھنے تک اور کابینہ میں اس پر بحث کرنے تک میں بطور وزیر قانون اس پر بات نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ وکیل کی حیثیت سے کہوں گا کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہو گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل جسٹس یحییٰ اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی ازخود نوٹس پر اختلاف کیا تھا، آج فیصلے میں دو جج صاحبان نے مزید کہہ دیا ہے کہ یہ قابل سماعت نہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ میں وزیر کی حیثیت سے نہیں بطور وکیل کہہ رہا ہوں کہ یہ پٹیشن چار، تین کے تناسب سے خارج ہوگئی ہے اور اس پر فیصلہ لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ میں ہونا چاہیے جہاں اس حوالے سے درخواستیں دائر ہیں۔