کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ، سردی پھر لوٹ آئی

Published On 03 March,2023 09:57 am

کوئٹہ : (دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کاسلسہ جاری ہے ، مختلف علاقوں میں بارش کے بعد جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، زیارت، پشین، سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارکھان ، خضدار، ژوب، سبی، لورالائی، زیارت اور قلات میں بھی بادل کھل کر برسے ، بارکھان میں 14، خضدار، 11، قلات 10، ژوب 8، سبی 5، چمن 4 ، کوئٹہ اور دالبندین 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں چار روز کے دوران چار فٹ تک برف پڑچکی ہے، رابطہ سڑکیں بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔

ضلع دیامر میں بھی شدید برف باری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، گزشتہ روز بھی ژوب، زیارت، چمن، سبی اور خضدار سمیت صوبے کے 13 اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے شمالی، مغربی اور وسطی اضلاع میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔