مریم نواز نے واپس آکر پارٹی میں نئی روح پھونکی ہے، خواجہ آصف

Published On 03 March,2023 06:04 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وطن عزیز گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے، مریم نواز نے واپس آ کر اور پارٹی کو سنبھال کر ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

گوجرانوالہ میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جن مشکلات کا سامنا ہمیں ایک سال میں ہوا ہے شاید ہی پاکستان کی تاریخ میں کسی حکمران کو ہوا ہو، ہمارے مخالف فراڈیے اور نوسرباز کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں، اس کی جیل بھرو تحریک بھی ناکام ہوئی، خود ضمانت کروا لی اور کارکنوں کو کہا جیل جائیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف وطن واپس آیا، بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل چلا گیا، پاکستان اور سیاست کی لاج رکھی، عدلیہ کمپرومائز ہوئی اور نوازشریف کے خلاف فیصلے آئے، ہماری جدوجہد کامیاب ہوگی، ہم منزل تک پہنچیں گے، میرا اور آپ کا قائد واپس آئے گا۔