اسلام آباد: (دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے کل دوحہ قطر روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر قطر کا دو روزہ دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی کانفرنس میں کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا، اقدامات سے کم ترقی یافتہ ممالک کو خوشحالی کی راہ پر ترقی کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوحہ میں وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس میں شریک رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ اجلاس اور ملاقاتیں کریں گے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے اجتماعی آواز کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔