نئے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد سابق وزراء اعظم کی ملٹری سیکرٹری رہ چکے

Published On 05 March,2023 12:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے 2 سابق وزراء اعظم کے ملٹری سیکرٹری رہنے والے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ کو چیئرمین نیب تعینات کر دیا۔

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دی جس کے بعد وزارت قانون نے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی۔

وفاقی کابینہ نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب لگانے کی سمری بھی منظوری کر لی، تقرری کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی گئی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور شوکت عزیز کے ملٹری سیکرٹری کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

نئے چیئرمین نیب کون ہیں؟ 

نذیر احمد بٹ پاک فوج کے اعزاز ہلال امتیاز کے حامل ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ہیں، وہ 11 اپریل 2016 سے 19 دسمبر 2016 تک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے، امریکہ میں پاکستان کے ملٹری اتاشی بھی رہے، انہوں نے 1983 میں 40 فرنٹیئر فورس رجمنٹ، پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے گریجوایشن کیا، دسمبر 2016 میں پشاور کور کے کمانڈر کے طور پر اپنی تقرری سے قبل، وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کرنے کے علاوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کے کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

نئے چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ کو 2014 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی، بعد ازاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں انسپکٹر جنرل آف کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدے پر تعینات کیا گیا، انہوں نے 2018 میں سروس سے ریٹائر ہونے سے پہلے بطور میجر جنرل جنوبی وزیرستان میں ایک ملٹری فارمیشن کی کمانڈ بھی کی۔
 

Advertisement