لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے لاہور شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس وحید خان نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ریلی نکالنے کی اجازت دی گئی تھی، پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ ڈی سی نے ریلی کی اجازت کی درخواست پر ابھی فیصلہ نہیں کیا، ہم چاہتے ہیں آپ ڈی سی کو بلا لیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جو چاہتے تھے وہ کل آپ نے کر دیا، ڈی سی نے ریلی کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ ہی نہیں کیا تو آپ نے ریلی کیسے نکال دی؟ آپ کو چاہیے تھا آپ ڈی سی کے خلاف کل درخواست دیتے کہ وہ آپ کی درخواست پر فیصلہ نہیں کر رہا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ زمان پارک کل میدان جنگ بنا رہا، جسٹس وحید خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ جلسے کی سٹیج نہیں عدالت ہے، عدالت اس بات کو سنے گی جو پٹیشن میں لکھی ہے، آپ کی پٹیشن میں لکھا ہے کہ آپ نے ڈی سی سے درخواست شیئر کی ہے کیا یہ کافی تھا؟
بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا تھا۔