اسلام آباد: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں 8 مارچ سے جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن گزشتہ روز سے جاری ہے، 8 مارچ کو 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ، 6 دہشت گرد ہلاک
کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔