فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے نے ملک کو معاشی بحران میں دھکیلا، پی ٹی آئی چیئرمین مشکلات کے ذمہ دار ہیں، پنجاب کے عوام دشمن کو پہچان لیں۔
فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا کمانے والا شہر ہے، فیصل آباد والوں کو نوازشریف کا سلام، آج فیصل آباد میں گھڑی چور کا نعرہ سب سے زیادہ شور سے لگ رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد کا ورکرز کنونشن بھی فیصلہ کن ہوتا ہے، فیصل آباد والوں کے جذبے کا شکریہ، 2013ء میں نوازشریف کوحکومت ملی توبجلی نہیں تھی، فیصل آباد میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے فیکٹریاں نہیں چلتی تھیں، نواز شریف نے اقتدار میں آکر لوڈشیڈنگ کو ختم کیا۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کے پلیٹ لیٹس دوران قید زہر دیے جانے سے گرے، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیر اعظم بنا تو ملک نے ٹیک آف کیا، جب نواز شریف اقتدار میں نہیں ہوتا تو ملک نیچے کی طرف جاتا ہے، ایک خوشخبری سنانا چاہتی ہوں، عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے نے شہباز شریف کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، بندھے ہوئے ہاتھوں کے ساتھ شہباز شریف پنجاب کے 8 کروڑعوام کو فری آٹا مہیا کریں گے۔
مریم نوازنے کہا کہ کیا گھڑی چور کی حکومت میں کسی نے ایسا فیصلہ سنا؟ کبھی کسی نے مفت آٹا نہیں دیا، حمزہ شہباز نے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دی، عمران خان مفت بجلی دینے پر عدالت گیا تھا، پنجاب والو اپنے دشمن کو پہچانو، اس کا نام ایسے ہی فتنہ نہیں رکھا۔
سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ ملک نوازشریف کی قیادت میں ترقی کر رہا تھا، پھر کیا ہوا پاناما بینچ کو مصیبت پڑ گئی، پاکستان کی ترقی کا پاناما بینچ دشمن تھا، جس دن سے نواز شریف کو نکالا اس دن سے پاکستان سے ترقی بھی نکل گئی، پاناما بینچ سے کہتی ہوں کہ عمران خان کو لانے والے ثاقب نثار کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کو کہتا ہے سڑکوں پر مار کھاؤ، کارکن کی موت کا کون ذمہ دار ہے؟ مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار سے پوچھتی ہوں کیا تمہارے بچے بھی عوام کی طرح سستی روٹی کو ترستے ہیں، آصف سعید کھوسہ نے کہا میرے پاس درخواست لاؤ، آصف سعید کھوسہ کوعوام گھروں میں چھپنے نہیں دیں گے، پاناما بینچ والوں نے صرف نواز شریف سے نہیں غریب سے دشمنی کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے ہاتھوں رسوا کر کے چلا گیا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے نواز شریف کو نکال کر ایک بدکردار، نااہل گھڑی چور کو مسلط کر دیا، پاکستان کو گواہ بنا کر کہتی ہوں ان کے جرم پر قوم ان کی نسلوں کو بھی معاف نہیں کرے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاناما بینچ والو غضب خدا کا نشہ کرنے والے شخص کو مسلط کر دیا، اس کا ٹوٹل اکنامک وژن انڈے، کٹے، مرغیاں، بھنگ کی کاشت تھی، کیا اس کی مرغیاں، کٹے نظر آئے، زمان پارک سے بنی گالہ تک صرف بھنگ کے اثرات نظر آتے ہیں، قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ثاقب نثار نے 22 کروڑ عوام کی قسمت نااہل عمران خان کے حوالے کی: مریم نواز
انہوں نے کہا کہ کیا فیصل آباد کا لیڈر ایک بزدل، گیدڑ، چوہا ہو سکتا ہے؟ یہ پہلا لیڈر ہے جس نے اپنی حفاظت کے لیے خواتین رکھی ہوئی ہیں، نواز شریف نے کبھی کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا، کارکنوں کے آگے نواز شریف اور بیٹی ڈھال بن کر کھڑے ہوئے، بزدل، گیدڑ روزانہ چیک کرتا ہے خواتین حفاظت کے لیے بیٹھی ہیں یا نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی خواتین ایم این ایز، ایم پی ایز فون کر کے کہتی ہیں جو حال ہوتا ہے بتا نہیں سکتیں، بلڈنگز، پلازہ کا لینٹر 5 ماہ میں کھل جاتا ہے، اس کی ٹانگ پر پلاسٹر اترنے کا نام نہیں لے رہا، جب عدالت بلائے تو کہتا ہے پلاسٹرچڑھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مقدمات چلتے رہیں گے اس کا پلستر نہیں اترے گا، عدالت بلائے تو کہتا ہے بزرگ، معذور ہوں، جلسہ کرنا ہوتا ہے تو بزرگی، معذوری اور 72 سال کی عمر یاد نہیں آتی، عدالت کے لیے بیمار اور جلسوں کے لیے تیار ایسا منافق نہیں دیکھا۔
یہ بھی پڑھیں: ورکرز کنونشن میں پارک سے جھولے چوری اور درخت کاٹنے کا الزام، مریم عدالت طلب
مریم نوازنے کہا کہ سات بج کر 20 منٹ پر کہتا ہے موت کے خوف پر قابو پا لیا ہے، سات بج کر 21 منٹ پر کہتا ہے میری جان کو خطرہ ہے، نواز شریف عدلیہ بحالی تحریک میں جان کے خطرے کے باوجود شریک ہوئے، یہ کونسا جان کا خطرہ ہے جو جلسے، جلوسوں میں نہیں اور عدالت میں ہوتا ہے، اگر اسے ایٹمی دھماکوں کے دوران بل کلنٹن کا فون آتا تو کہتا موجود نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ظل شاہ کی شہادت پر مجھے بہت تکلیف ہوئی، لوگ کہتے ہیں روڈ ایکسیڈنٹ میں مارا گیا، اللہ تعالیٰ اس کے درجات بلند فرمائے، تمہارا کارکن شہید ہوا اور اس کے والد کو تکبر میں اپنے محل میں بلایا، میرے ورکرز میرے سر کا تاج اور میرا ڈوپٹہ ہیں، یہ ظل شاہ کے والد کو کہتا ہے میرے دربار آؤ افسوس کرنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نیب پیشی کے دوران انہوں نے میری گاڑی پر پتھراؤ کیا تھا، اس وقت میں گاڑی سے باہر آگئی اور کہا مجھے مارنا ہے تو مارو، تحریک انصاف کے کارکن اس کی حفاظت کے لیے کیوں آتے ہیں، چوری کے پیسوں سے یہ اپنی حفاظت خود کرے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا: مریم نواز
انہوں نے کہا کہ 2017 اور 2018 کے سارے سازشی خود بول رہے ہیں، میں نے سازشیوں کے نام کیا لیے اب خود یہ نام لے رہے ہیں، انہوں نے مل کر چوری کی اور اب سارے ایک دوسرے کا نام لیں گے، اسٹیبلشمنٹ نے گند کا ٹوکرا سمجھ کر زمین پر اتار کر پھینک دیا، اب دو چار لوگ رہ گئے ہیں، عمران تیرے سہولت کار ایک ایک کر کے سب فرار، صرف فرار نہیں جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ فیصل آباد والو الیکشن آنے والا ہے الیکشن جیتنا ہے، الیکشن سے پہلے کچھ فیصلے ہونا باقی ہیں، ایک طرف بے گناہ نواز شریف کی 200 پیشیاں، دوسری طرف مہا چور کی 2 پیشیاں ہیں، ایک طرف (ن) لیگ کی بے گناہ جیل، دوسری طرف دو گھنٹوں میں ضمانت، یہ ناانصافی قبول نہیں۔