لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ کسی خاتون کو غیر سیاسی نہیں ہونا چاہیے، ضروری ہے خواتین ایسی جماعت کا انتخاب کریں جو نیشنل لیول پر خواتین کیلئے آواز بلند کر سکیں۔
یوم خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہماری زندگی میں روز خواتین کا دن ہوتا ہے، ہماری خواتین کو شامل کیے بغیر کوئی دن مکمل نہیں ہوتا، تمام خواتین کو آج کے دن کی دلی مبارک باد، ملک میں خواتین کی ضروریات کی نشاندہی کرتی رہوں گی، قوم کی تقدیر کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے کر سکتی ہیں، خواتین کو قوم کی تقدیر کافیصلہ کرنے کی زیادہ طاقت حاصل ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی بہت بڑی مداح ہوں وہ میرے لیے رول ماڈل ہیں، ان کے بعد اپنی والدہ کی مداح ہوں، میری والدہ آج میرے ساتھ نہیں لیکن وہ میری ہر سانس میں ہیں، اپنی زندگی میں ان سے بہت کچھ سیکھا، کلثوم نواز بہت دور اندیش خاتون تھیں، محترمہ بے نظیر بھٹو عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں وہ آگے آئیں اور دوسری خواتین کو حوصلہ دیا۔
مریم نواز نے مزید کہا ہماری بہت سی ہیروئن ہیں جن میں ہماری پولیو اور لیڈی ہیلتھ ورکرز ہیں، خواتین نے ہر جگہ اپنا مقام بنایا، بسمہ معروف نے کھیل کے میدان میں اپنی بیٹی اٹھائی ہوتی تھی، ارفع کریم نے آئی ٹی انڈسٹری میں ایک ٹرینڈ سیٹ کیا، عائشہ ملک صاحبہ سپریم کورٹ کی جج بنی ہیں، پاکستان کے پاس زبردست خواتین رائٹرز ہیں، حدیقہ کیانی بغیر حکومتی امداد کے کام کر رہی ہیں، انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔
PMLN proudly celebrated Women’s Day at 180-H, with @MaryamNSharif in attendance. Our commitment to uplifting and empowering women has always been at the forefront.#ماؤں_بہنوں_بیٹیوں_کی_مریم pic.twitter.com/wHDHQOObnS
— PMLN (@pmln_org) March 8, 2023
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مرد حضرات کی جماعت ہوا کرتی تھی، آج پارٹی کی فرنٹ لائن میں خواتین شامل ہیں، آج بھی پاکستان میں خواتین کو کہا جاتا ہے تم نے پڑھ کر کیا کرنا ہے، میں نے اپنی شادی کے بعد ماسٹرز مکمل کیا، تھوڑا سا اعتماد بہنوں اور بیٹیوں کو دینے کی ضرورت ہے، وہ سر فخر سے بلند کریں گی، مریم اورنگزیب میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے اندر ایک بہت بڑی تعداد ان خواتین کی ہے جو زراعت سے وابستہ ہے، خواتین کئی کئی گھنٹے کھیتوں میں کام کرتی ہیں، کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین کو پورا معاوضہ نہیں ملتا، ان کا معاوضہ ان کی محنت کے حساب سے ہونا چاہیے، نرسز کی تنخواہ دنیا میں کیا اور پاکستان میں کیا ہے، پاکستان کے وسائل پر 52 فیصد خواتین کا حق ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ خواتین کیلئے انٹرنیشنل سکالر شپس ہونے چاہئیں، والدین سے درخواست ہے اپنی بچیوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیں، خواتین کو سازگار ماحول مہیا کرنا ہے، آج بھی خواتین کی عصمت دری کے واقعات ہوتے ہیں، ان کو حقوق دلانے کیلئے مجھ سمیت سب کو آواز اٹھانی ہوگی، شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ خواتین کیلئے بہت سے اچھے اقدامات اٹھائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نیب کے اس کمرے میں رکھا گیا جو کمرہ شہباز شریف نے بنایا تھا، شہباز شریف نے وہ کمرہ ڈے کیئر سینٹر کے طور پر بنوایا تھا، سمجھتی ہوں باہر کا کام آسان ہے گھر چلانا مشکل ہے، جب گھر جاتی ہوں تو سمجھتی ہوں باہر کے کام آسان ہیں گھر چلانا مشکل ہے، خواتین گھر چلا سکتی ہیں تو وہ ملک کی سیاست میں حصہ کیوں نہیں لے سکتیں؟۔