لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک ہمیں ملا ہو، ملک جب مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نوازشریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے۔
چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مرکزی تنظیمی اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، پرویز رشید اور رانا ثناءاللہ سمیت رہنما شریک ہوئے، اجلاس میں بھرپور تنظیمی کنونشن پر ڈویژن کے عہدیداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ گوجرانوالہ اس میں سب سے آگے ہے، گوجرانوالہ ٹیم نے پارٹی کی دیگر ڈویژنز کو چیلنج کر دیا، یقین ہے پارٹی کے ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے۔
— PMLN (@pmln_org) March 4, 2023
انہوں نے کہا کہ پتلی تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہو چکے ہیں، سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے مگر ہم لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم کریں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک جب مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نوازشریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے، ہمیشہ کی طرح شیر ہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔
اجلاس کے دوران پارٹی قائدین کا کہنا تھا کہ مریم نواز کارکنوں کی آواز بن چکی ہیں۔