ساہیوال: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، عوام کی خدمت کی ذمہ داری بھی ہم پر زیادہ ہے۔
ساہیوال کی مرکزی تنظیم کے اجلاس کے موقع پر مریم نواز نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر دِل خوش ہوگیا، جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آ رہے ہیں یہ ہے اصل تبدیلی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مسائل سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے، سیاہ فسطائی دور میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا ہے، پارٹی کی مرکزی تنظیم ذیلی شعبہ جات کیلئے ماں کی طرح ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ محنتی، نظریاتی اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں، الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں، حقیقت بتائیں، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔