لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست دائر کرنے والے وکیل کو دلائل دینے کیلئے کل تک کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں چیف آرگنائزرمسلم لیگ (ن) مریم نواز کے خطاب پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، مریم نواز کے خلاف عدالت میں درخواست وکیل رانا شاہد نے دائر کی۔
عدالت نے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر کل (بدھ) کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت مریم نواز کو توہین کا نوٹس جاری کرے۔
لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے حوالے پیش کریں کہ کیسے اس درخواست پر سماعت کر سکتے ہیں۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلے پیش کرنے کے لیے مہلت دے دیں جس پر عدالت نے وکیل کو کل تک کی مہلت دے دی۔
واضح رہے کہ وکیل نے مریم نواز کے سرگودھا میں تقریر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔