اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پنجاب اور خیبر پختونخوا ( کے پی کے ) میں عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) میں آج تین الگ، الگ اہم اجلاس ہوں گے۔
پنجاب اور کے پی کے میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں آج تین الگ الگ اہم اجلاس ہوں گے جن میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور اور چیف سیکرٹری پنجاب بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری دفعہ 144 سے متعلق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی درخواست پر رپورٹ پیش کریں گے۔
علاوہ ازیں گورنر خیبرپختو نخوا حاجی غلام علی آج الیکشن کمیشن میں دن دو بجے عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق حتمی مشاورت کریں گے۔
الیکشن کمیشن تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد انتخابات کی سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کرے گا۔