لاہور: (دنیا نیوز) 30 اپریل کو ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پنجاب میں 14 مارچ آخری تاریخ ہونے پر متعدد سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
تحریک انصاف مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان کے حلقہ پی پی 217، فواد چودھری نے دینہ کے حلقہ پی پی 25 اور 26 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ عثمان ڈار نے سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد احمد خان نے قصور کے حلقہ پی پی 177 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
ملتان کے 13 صوبائی حلقوں میں 11 سے زائد حلقوں پر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، پی پی 211 سے جماعت اسلامی کے رائے محمد سلیم کھرل، پی پی 213 میں پی ٹی آئی رہنما وسیم خان بادوزئی اور ڈاکٹر روبینہ اختر، پی پی 214 میں پیپلز پارٹی کے ملک رضوان ہانس نے کاغذات جمع کروائے۔
ملتان کے ہی حلقہ پی پی 215 میں مسلم لیگ (ن) کے عامر منظور اور بابر شاہ، پی پی 216 سے ن لیگ کے ہی شیخ عمران ارشد اور جماعت اسلامی کے آصف علی راجپوت، پی پی 217 میں پی ٹی آئی کے زین حسین قریشی اور ساجد اسماعیل نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
خان پور کے حلقہ پی پی 258 میں اب تک صرف 1 امیدوار احمد فراز بلوچ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، لیاقت پور حلقہ پی پی 256 میں بھی ایک ہی امیدوار محمد مبین ضامن نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اٹک کے حلقہ پی پی 3 سے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر سید یاور بخاری نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔
دنیا پور کے حلقہ پی پی 224 سے پی ٹی آئی کے پیر عامر اقبال قریشی سمیت 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، وہاڑی کے حلقہ پی پی 233 سے مسلم لیگ ن کے میاں ثاقب خورشید نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، سانگلہ ہل کے حلقہ پی پی 131 سے مسلم لیگ (ن) کے میاں اعجاز بھٹی، ملک محمد اعظم، حلقہ پی پی 132 سے مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد ارشد، میاں عاطف نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔