پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے معاملے پر گورنر کے پی نے مشاورتی اجلاس سے متعلق اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کو ارسال رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وقت سکیورٹی صورتحال نازک ہے اور اضافی سکیورٹی اہلکار دستیاب نہیں، مشکل معاشی صورتحال ہے اور مردم شماری ہو رہی ہے، حلقہ بندی ہونی ہے، عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل ان چیلنجز کو حل کیا جائے۔
رپورٹ میں گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق صورتحال پر آئین اور الیکشن ایکٹ کے تحت حل تلاش کیا گیا، الیکشن کی تاریخ وزارت دفاع اور داخلہ سمیت دیگر شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر رکھی جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف چند ماہ میں آپریشن ختم ہوگا، اس کو بھی مد نظر رکھا جائے، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سکیورٹی صورتحال بہت نازک ہے اور سرحد پار سے دہشتگرد گروپس ضم اضلاع میں آکر آباد ہوگئے ہیں۔
گورنر نے رپورٹ میں مزید لکھا کہ ضم اضلاع میں رہائشیوں کو دیگر اضلاع کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ خطرہ ہے، ان خطرات کے باعث سیاستدانوں اور پولنگ سٹاف کی آزادانہ نقل و حرکت ممکن نہیں۔